وزیراعظم شہباز شریف کی پیٹرول کی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی پیٹرول کی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیٹرول کی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ملکی معیشت میں بہتری لائی جا سکے اور توانائی کی مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ پاکستان کی پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت نومبر 2024 میں 25 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جو 1.58 ملین ٹن تک رہی۔ اس کی وجہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کی کامیابی تھی، جو وزیرِ اعظم کے مطابق انتہائی خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرول کی اسمگلنگ کے خلاف مزید سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ ملکی معیشت پر منفی اثرات کم کیے جا سکیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سال بہ سال 15 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو توانائی کی مارکیٹ میں بحالی کی نشاندہی کرتا ہے۔

مزید برآں، وزیراعظم نے سیمنٹ انڈسٹری کے ویڈیو اینالیٹکس سسٹم کی تنصیب کی تکمیل کو جلد از جلد یقینی بنانے کی ہدایت دی، تاکہ صنعت میں مزید شفافیت لائی جا سکے اور کارکردگی میں بہتری آئے۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں ایک سنگ میل ہے، اور اس کے مثبت اثرات اب ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے ٹیکس وصولی میں بہتری اور معیشت میں استحکام آنے کی توقع ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کی اچھی پالیسیوں اور بروقت فیصلوں کے نتیجے میں معیشت کی بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں، جو ملک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔