وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول پر ریلیف نہ دینے والے پمپس کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول پر ریلیف نہ دینے والے پمپس کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو دیے گئے ریلیف پر عمل درآمد نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

 وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت کی ہے کہ شکایات موصول ہونے والے پیٹرول پمپس کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے تاکہ عوام کو حکومتی ریلیف سے محروم نہ رکھا جاسکے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہیں بعض پیٹرول پمپس کے خلاف شکایات موصول ہوئی ہیں کہ وہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دیے گئے ریلیف کا فائدہ نہیں پہنچا رہے۔ انہوں نے وزیر پیٹرولیم کو ایسے پمپس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے سخت الفاظ میں کہا کہ ان کے خلاف ایسا ایکشن لیا جائے کہ انہیں چھٹی کا دودھ یاد آجائے۔وزیراعظم نے بتایا کہ جمعے کے روز پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ ہونا تھا، تاہم وزیر پیٹرولیم اور اوگرا نے آئل ریفائنریز سے رابطہ کرکے انہیں ونڈ فال منافع عوام کے ساتھ شیئر کرنے پر آمادہ کیا، جس کے باعث پیٹرول کی قیمت میں مجوزہ اضافہ نہیں کیا گیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بروقت فیصلے اور متعلقہ اداروں کی کوششوں کے نتیجے میں عوام کو 15 روپے فی لیٹر اضافے سے بچایا گیا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔

ایل پی جی مافیا کا دور ختم، عوام کو ریلیف دینے کا اعلان

وزیراعظم نے ایل پی جی کی قیمتوں اور فراہمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہوچکا ہے۔ حکومت ایل پی جی درآمد کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے گی تاکہ صارفین کو مناسب قیمت پر گیس دستیاب ہوسکے۔انہوں نے فیول ریلیف پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ساڑھے 7 کروڑ افراد فیول ٹوکن سے فائدہ حاصل کرچکے ہیں، جبکہ اس مد میں اب تک 28 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکیج کو حتمی شکل

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں خیبر پختونخوا کے لیے بھی اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز صوبے کے لیے 160 ارب روپے کے پیکیج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت کی پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح سکیورٹی ہے۔ نئی صوبائی حکومت کے تعاون سے دہشت گردی کا سر کچل دیا جائے گا اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش

وزیراعظم نے عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جبکہ خطے میں بے امنی اور کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ کشیدگی میں کمی کے لیے تہران میں اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی ہے، جس سے خطے میں امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کی امید پیدا ہوئی ہے۔