ایکواڈور کے صدر مبینہ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

کوئٹہ(آئی این پی ) جنوبی امریکا کے ملک ایکواڈور کے صدر ڈینئل نوبوا مبینہ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے ہیں، جبکہ حملے میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا   ۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطا بق حکام نے بتایا ہے کہ  صدر نوبوا کی گاڑی کو پانچ سو سے زائد مظاہرین نے گھیر کر پتھرا ئو کیا، مبینہ طور پر گولیاں بھی چلائی گئیں تاہم وہ محفوظ رہے۔ گاڑی پر گولیاں لگنے کے واضح نشانات ہیں۔صدارتی آفس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف دہشت گردی اور قاتلانہ حملے کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔وزیر دفاع گیان کارلو لوفرڈو نے صدر نوبوا کی تصویر جاری کی جس میں وہ دھوپ کے چشمے لگائے اپنی گولیوں سے متاثرہ گاڑی کے قریب کھڑے ہیں۔ ساتھ ہی کہا کہ یہ صدر کسی چیز سے نہیں رکتا، اور یہی اس بات کی علامت ہے کہ ملک بھی نہیں رکے گا۔