محکمہ ہائوسنگ اور بینک آف خیبر کے مفاہمتی یاداشت پر دستخط،15لاکھ تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے
احساس اپنا گھر سکیم پر 4ارب روپے کی لاگت آئے گی، ماہانہ قسط زیادہ سے زیادہ 18ہزار روپے تک ہو گی
پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا میں کم آمدنی والے افراد کو گھر کی تعمیریا مرمت کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی سکیم کا افتتاح ہوگیا۔سکیم کے تحت کم آمدن والے افراد کو نئے گھر کی تعمیر یا موجودہ گھر کی توسیع و مرمت کیلئے 15لاکھ روپے تک کے بلاد سود قرضے دیئے جائیں گے۔احساس اپنا گھر سکیم پر عمل درآمد کے لیے محکمہ ہائوسنگ اور بینک آف خیبر کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوگئے۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب وزیر اعلیٰ ہائوس میں منعقد کی گئی جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور مہمان خصوصی تھے۔احساس اپنا گھر سکیم پر 4ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ قرضوں کی واپسی کیلئے 7برسوں پر مشتمل آسان شیڈول تجویز کیا گیا ہے۔ قرضہ واپسی کی ماہانہ قسط زیادہ سے زیادہ 18ہزار روپے تک ہو گی۔ سکیم ریوالونگ فنڈز سسٹم کے تحت آئندہ 7 برسوں تک جاری رہے گی۔ سکیم کے تحت قرضوں کے حصول کے لئے اپنی ملکیتی زمین کا ہونا ضروری ہے۔وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو رہائش کی معیاری سہولیات کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ احساس اپنا گھر سکیم کا اجرا اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، یہ موجودہ صوبائی حکومت کا ایک اور فلاحی منصوبہ ہے۔