وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے انکشاف کیا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پاکستان کو مخصوص اوقات میں عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کی اجازت نہیں دے رہا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے بتایا کہ حکومت گزشتہ کئی ماہ سے آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل مذاکرات کر رہی ہے تاکہ عوام کو کم نرخوں پر بجلی فراہم کرنے کی منظوری حاصل کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں بنیادی اصلاحات پر کام کر رہی ہے اور آئی ایم ایف کے سامنے پاکستان کا مؤقف پیش کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ پاکستان کا پہلا جامع توانائی پلان آئندہ سال اپریل میں متعارف کرایا جائے گا۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صارفین دن کے وقت شمسی توانائی ذخیرہ کر کے رات میں استعمال کر سکیں گے، جس سے نیشنل گرڈ پر دباؤ کم ہوگا اور بجلی کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔