قومی کرکٹ ٹیم کے اسپنر ساجد خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے لیے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوشش ہوگی کہ میزبان ٹیم کو کم سے کم رنز پر آؤٹ کیا جائے۔
کوئینز پارک اوول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ساجد خان نے کہا کہ انہوں نے عبداللہ شفیق کا ساتھ دیا اور عبداللہ نے اچھی اننگز کھیلی، تاہم بدقسمتی سے قومی ٹیم کے ٹیل اینڈرز جلد آؤٹ ہوگئے۔ساجد خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس سے ٹیم کو اچھا مومینٹم ملا ہے۔ کوشش کریں گے کہ چوتھے روز اسی رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 60 سے 70 رنز کے اندر آؤٹ کر دیں۔انہوں نے کہا کہ میچ کے آغاز میں پچ پر نمی موجود تھی جس کا فائدہ بولرز کو ملا، تاہم بعد میں وکٹ بیٹنگ کے لیے بہتر ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی گیند کا سامنا مشکل ہو سکتا ہے لیکن کریز پر وقت گزارنے کے بعد رنز بنانا آسان ہوگا۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لیے ہیں اور اسے 60 رنز کی برتری حاصل ہے۔