دی ہنڈریڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سن رائزرز لیڈز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیم اسکور بنا دیا۔
ہیڈنگلے میں کھیلے گئے میچ میں سن رائزرز لیڈز کے اوپنرز نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ ریان ریکلٹن نے 42 گیندوں پر ناقابلِ شکست 94 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ مچل مارش نے 37 گیندوں پر 76 رنز اسکور کیے۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 148 رنز کی شراکت قائم کی، جو دی ہنڈریڈ کی تاریخ کی نئی ریکارڈ اوپننگ پارٹنرشپ بن گئی۔اس کے بعد انگلینڈ کے ہیری بروک نے تباہ کن بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 15 گیندوں پر ٹورنامنٹ کی تیز ترین نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 18 گیندوں پر 55 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
سن رائزرز لیڈز نے مقررہ 100 گیندوں میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنا کر دی ہنڈریڈ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیم اسکور قائم کر دیا۔ہدف کے تعاقب میں لندن اسپرٹ مقررہ اسکور حاصل نہ کر سکی اور سن رائزرز لیڈز نے 37 رنز سے کامیابی اپنے نام کر لی۔اس فتح کے ساتھ سن رائزرز لیڈز نے پلے آف میں رسائی کی اپنی امیدیں برقرار رکھیں، جبکہ لندن اسپرٹ پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر موجود ہے۔