برازیل: طوطے نے فٹبال میچ میں مچا دی دھوم، کھلاڑی پریشان، میچ معطل

برازیل: طوطے نے فٹبال میچ میں مچا دی دھوم، کھلاڑی پریشان، میچ معطل

برازیل میں جاری انڈر 15 فٹبال ٹورنامنٹ کے دوران ایک منفرد اور دلچسپ واقعہ پیش آیا، جب ایک بڑے نیلے رنگ کے طوطے نے اچانک میدان میں داخل ہو کر میچ کا رخ ہی بدل دیا۔

 طوطے کی غیر متوقع آمد کے باعث کھیل دو مرتبہ روکنا پڑا، جبکہ شائقین اور کھلاڑی حیران رہ گئے۔فلیمینگو اور سیارا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے 17ویں منٹ میں طوطا اچانک میدان میں آ گیا۔ رپورٹس کے مطابق وہ اڑتے ہوئے فلیمینگو کے ایک دفاعی کھلاڑی کے کندھے پر جا بیٹھا، جس سے کھلاڑی اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور میدان میں گر گیا۔طوطے کی اچانک موجودگی سے دیگر کھلاڑی بھی حیران اور پریشان ہو گئے، جس پر ریفری نے حفاظتی اقدامات کے تحت میچ عارضی طور پر روک دیا۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ طوطا تقریباً 15 منٹ تک میدان میں موجود رہا اور پھر خود ہی اڑ کر چلا گیا، جس کے بعد کھیل دوبارہ شروع کیا گیا۔تاہم حیران کن طور پر پہلے ہاف کے دوران طوطا ایک مرتبہ پھر میدان میں واپس آ گیا، جس کے باعث ریفری کو دوسری بار بھی میچ روکنا پڑا۔ بالآخر طوطے کے مکمل طور پر میدان چھوڑنے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا اور بغیر کسی مزید رکاوٹ کے اختتام تک جاری رہا۔

میچ میں سیارا کی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے فلیمینگو کو 2-1 سے شکست دے دی، تاہم مقابلے سے زیادہ میدان میں آنے والے نیلے طوطے کی انٹری نے توجہ حاصل کی۔یہ منفرد واقعہ سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو گیا، جہاں صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے طوطے کو "میچ کا سب سے یادگار کھلاڑی" قرار دیا، جبکہ متعدد افراد نے اس واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کیں۔