2ہفتوں کی کارروائیوں میں ملزموں سے ناجائز اسلحہ ، 7ڈرونز ، 296کلو منشیات بھی برآمد ہوئی
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران لاہور، ڈی جی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، بہاولپور اور سرگودھا ڈویڑنز میں 85 کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 93 منشیات سمگلرز کو گرفتار کیا گیا جبکہ 296 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں، جن کی ما لیت کا تخمینہ 5 کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد ہے۔برآمد ہونے والی منشیات میں چرس، افیون، ویڈ، آئس، پوست، کوکین، ہیروئن اور 5 لیٹر شراب شامل ہیں۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 13 پستول، 2 ایس ایم جیز، 4 رائفلیں اور 7 ڈرونز بھی برآمد کیے گئے، جو ان جرائم پیشہ عناصر کی غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہو رہے تھے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب کاو نٹر نارکوٹکس فورس، کمانڈر بریگیڈیئر مظہر اقبال کے مطابق پنجاب سی این ایف کی اصل کامیابی صرف منشیات کی برآمدگی نہیں بلکہ صوبے میں سرگرم بڑے منشیات سمگلنگ نیٹ ورکس کی مو ثر سرکوبی ہے۔ فورس جدید انٹیلی جنس، پیشہ ورانہ مہارت اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔