معطل ہونیوالوں میں ایس ایچ او ، 2 سب انسپکٹر سمیت 78 اہلکار شامل،متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کروالیا:ڈی آئی جی
لاہور (کرائم رپورٹر )صوبائی دارلحکومت کے تھانہ غازی آباد کے اندر تھانیدار کی ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی ،ملزم اے ایس آئی گرفتار ، تھانہ کی تمام نفری معطل ،ایس ایچ او ، 2 سب انسپکٹر، 8 اے ایس آئیز سمیت 78 اہلکار شامل ہیں،متاثرہ لڑکی کی والدہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل کر دی۔تفصیلات کے مطابق تھانہ غازی آبادمیں تعینات انویسٹی گیشن کے اے ایس آئی عمران 3روز قبل ذہنی معذور 16 سالہ بھکارن لڑکی (ن)کوڈار دھمکا کر اپنے موٹر سائیکل پر بٹھا کر تھانے لے آیا اوراسے انویسٹی گیشن روم نمبر 4 میں لے جا کر زیادتی کر دی ، وقوعہ کے بعد وہ خود ہی متاثرہ لڑکی کو واپس گھر چھوڑ آیا ۔پولیس کیمطابق گیٹ ڈیوٹی پر تعینات سنتری نیاے ایس آئی سے لڑکی بارے دریافت کیاتو اے ایس آئی عمران نے جواب دیا کہ ملزمہ ہے ،اسے تفتیش کیلئے پکڑ کر لایا ہوں۔پولیس کے مطابق ورثاء لڑکی کے اغواء کی درخواست دینے تھانہ آئے تھے مگر اسی دوران ورثاء کو گھر سے فون آگیا کہ لڑکی واپس آگئی ہے۔ پولیس نے ملزم اے ایس آئی کیخلاف مقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے گزشتہ سے پیوستہ شب ڈیڑھ بجے تھانہ غازی آباد کا دورہ کیا اور لڑکی سے زیادتی کے واقعے پر کارروائی میں تاخیر اور اعلیٰ افسران کو بروقت آگاہ نہ کرنے پر تھانہ کے ایس ایچ او سمیت 78 اہلکاروں پر مشتمل پورے عملہ کو معطل کر دیا اور تمام نفری کی معطلی کی باقاعدہ رپورٹ درج کر دی گئی ہے۔ معطل ہونے والوں میں فرنٹ ڈیسک کا عملہ ،ایس ایچ او ، 2 سب انسپکٹر، 8 اے ایس آئیز ،ہیڈ کانسٹیبلز، ڈرائیور بھی شامل ہے۔ادھر متاثرہ بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی نیا ن کی بیٹی پر تشدد کیا،بچی خوفزدہ ہو کر اسکے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر تھانے گئی، ہم نے بچی کو تلاش کیا تو بچی بارے کچھ پتہ نہ چلا۔تھانے گئے تو وہاں اہلکاروں نے بتایا آپکی بچی یہاں نہیں آئی، پھر رات 9 بجے (ن)واپس گھر آئی تو اسکی طبیعت بہت خراب تھی ،اس نے مجھے بتایا کہ اس کیساتھ تھانے میں بہت ظلم ہوا ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل ہے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضاکا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کروا لیا ہے ، ملزم عمران کا چار روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا ،کیس کی تفتیش جاری ہے،تفتیش میں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔دریں اثناء پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او غازی آباد شہریار کو معطل کر کے ان کی جگہ علی زیب دستگیر کو نیا ایس ایچ او تعینات کر دیا گیا ہے۔