گندم محفوظ نہ کرنے پر وزیراعلی کاایکشن ڈی جی فوڈ ڈیپارٹمنٹ خانیوال کو عہدے سے ہٹا دیا ڈی ایف سی سمیت تمام عملہ معطل

پنجاب میں گندم کے سٹاک ڈیکلیئر کرنے کیلئے 3 دن کی مہلت‘تین دن کے بعد گندم غیر قانونی طور پر سٹور کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم
صوبے کے وسائل کا رخ سیلاب متاثرین کی طرف کر رہے ہیں‘ تاریخی اور بے مثال ریسکیو ، ریلیف اور انخلا آپریشن جاری ہے:مریم نوازکی میڈیا سے گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کے بارے میں اہم فیصلے کرلیے گئے۔اجلاس میں سیلاب کی صورتحال کی وجہ سے گندم کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا، پنجاب میں گندم کے اسٹاک ڈیکلیئر کرنے کیلئے تین دن کی مہلت دی گئی، تین دن کے بعد گندم غیر قانونی طور پر اسٹور کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم  دیا گیا۔اجلاس میں گندم کا اسٹاک شو کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا، مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو عوام کے مفادات کے تحفظ کے لئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا ہوگا، گندم کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مریم نواز نے کہا کہ گندم اسٹاک کرنے والے رضاکارانہ طور پر ڈیکلیئر کر دیں ورنہ کارروائی ہو گی، سیلاب کی وجہ سے صورتحال کا فائدہ اٹھانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، بعض عناصر گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تمام ممکنہ وسائل استعمال کرکے گندم کے غیرقانونی اسٹاک کی نشاندہی کی جائے۔مریم نواز نے خانیوال میں سیلاب سے گندم ضائع ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔سیلاب کے دوران گندم کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل نہ کرنے پرڈی جی فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، سیلاب سے گندم کے ضیاع پرخانیوال کے ڈی ایف سی سمیت تمام عملہ معطل کر دیا گیا۔دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا  صوبے کے وسائل کا رخ سیلاب متاثرین کی طرف کررہے ہیں۔ صوبے میں تاریخی اور بے مثال ریسکیو ، ریلیف اور انخلا آپریشن جاری ہے، پنجاب میں تینوں دریاں میں سیلاب کی تاریخی اور غیر معمولی صورتِ حال رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے، پنجاب ٹیم سیلاب متاثرین کی خدمت کے لئے سرگرمِ عمل ہے، وسائل کا رخ سیلاب متاثرین کی طرف کررہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ سیلاب کی روز بدلتی صورتِ حال کی مسلسل مانیٹرنگ کا میکنزم تیار کرلیا، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر حکام خود فیلڈ میں موجود ہیں۔دوسری جانب مریم نواز کی ہدایت پر بارشوں کے پیشِ نظر سیلاب متاثرین کے لئے چھ ہزار سے زائد ٹینٹ بھی بھیج دیے گئے، ریسکیو آپریشن کے لئے بوٹس بھی بھیج دی گئیں جب کہ جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے۔