بارش کے پانی کی ہموار نکاسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے:ڈپٹی کمشنر لاہور
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور میں بارش کے آغاز کے ساتھ ہی ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز نے واسا اور ضلعی انتظامیہ لاہور کو فوری طور پر متحرک کر دیا ہے تاکہ شہر بھر میں نکاسی آب کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ واسا کا عملہ اپنی تمام تر مشینری کے ساتھ فیلڈ میں مکمل طور پر فعال ہے اور خاص طور پر لاہور کے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور شہر کی تمام اہم شاہراہوں اور مختلف مقامات پر نکاسی آب کی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ خود نگرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے واضح کیا ہے کہ جب تک پانی کی مکمل نکاسی نہیں ہو جاتی، تمام متعلقہ عملہ اور مشینری فیلڈ میں ہی موجود رہے گی۔ ڈی سی لاہور نے ضلعی انتظامیہ لاہور کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے پانی کی ہموار نکاسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری نہ ہو۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی حفاظت کے پیش نظر بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔