راولپنڈی، تھانے میں شہری کے چہرے پر جوتا مارنے کی ویڈیو وائرل، اہلکار معطل

 سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کا ایس پی صدر کو واقعہ کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم 
راولپنڈی(آئی این پی ) تھانہ گوجر خان میں باوردی پولیس اہلکار نے تھانے میں بیٹھے شخص کے چہرے پر جوتا مار دیا جس کی ویڈیو سامنے آنے پر سی پی او راولپنڈی نے نوٹس لیتے ہوئے کانسٹیبل کو معطل کرکے چارج شیٹ جاری کر دی اور انکوائری کا حکم دے دیا۔تفصیل کے مطابق ایک واقعے کے دوران فریقین کے مابین تنازع پر ون فائیو کال کے بعد فریقین کو تھانے منتقل کیا گیا تو اس دوران فیاض ججی نامی شخص بغیر جوتوں اور پھٹے ہوئے کپڑوں میں تھانہ گوجر خان میں بیٹھا ہوا تھا۔وائرل ویڈیو میں چند دیگر افراد کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں جو مبینہ طور پر دوسرے فریق سے ہیں۔دوران گفتگو پھٹے کپڑوں والے شخص اور کمرے میں بیٹھے افراد کے مابین تکرار ہوتی ہے تو فیاض ججی نامی شخص کوئی جواب دیتا ہے کہ اچانک مسلح باوردی پولیس اہلکار ہاتھ میں جوتا اٹھائے وہاں آتا ہے اور فیاض ججی کے چہرے پر جوتا رسید کر دیتا ہے