لاہور کے علاقے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع ایک ٹیکسٹائل فیکٹری میں بدھ کے روز اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ کے باعث علاقے میں دھوئیں کے گھنے بادل چھا گئے، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق آگ بجھانے کے لیے 10 فائر وہیکلز اور امدادی عملے نے حصہ لیا۔ فائر فائٹرز نے تقریباً تین گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا اور مزید پھیلنے سے روک دیا۔ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ ٹیکسٹائل فیکٹری ایک ایکڑ سے زائد رقبے پر قائم تھی۔ شدید آتشزدگی کے باعث عمارت کی چھت منہدم ہوگئی، جس سے فیکٹری کے مختلف حصوں کو شدید نقصان پہنچا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم آگ کے نتیجے میں مشینری، تیار شدہ سامان اور دیگر قیمتی اشیا جلنے سے فیکٹری کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان پہنچا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آتشزدگی کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ آگ مکمل طور پر بجھانے کے بعد کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ عمارت کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ واقعے کے حوالے سے مزید معلومات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔