لڑکی سے مبینہ زیادتی، ایس ایچ او غازی آباد سمیت 78اہلکار معطل

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کا رات کو تھانے کا دورہ‘کارروائی میں تاخیر اور افسروں کو لاعلم رکھنے پرایکشن لیا‘اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج
اہور(کرائم رپورٹر )لاہور میں اے ایس آئی کی ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کے معاملے پر ایس ایچ او غازی آباد سمیت تھانے کے پورے عملے کو معطل کر دیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے رات گئے تھانے کا دورہ کرتے ہوئے کارروائی میں تاخیر اور افسروں کو لاعلم رکھنے پر ایس ایچ او سمیت تھانے کا پورا عملہ معطل کر دیا۔ایس ایچ او غازی آباد شہریار کو معطل کرکے علی زیب دستگیر کو نیا ایس ایچ او تعینات کر دیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے سب انسپکٹرز، 8 اے ایس آئی اور 5 ہیڈ کانسٹیبلز سمیت 78 اہلکاروں کو معطل کیا جبکہ فرنٹ ڈیسک عملہ، محرر اور ڈرائیورز بھی معطل کئے  گئے۔تھانہ غازی آباد میں ایس ایچ او سمیت تمام اہلکاروں کی معطلی کی ایف آئی آر درج کر دی گئی۔