ماں پر حملہ کرنیوالا بیٹا باپ کے ہاتھوں قتل

 فاروق نے رقم نہ دینے پر ماں کو زخمی کر دیا،چیخ وپکار پر محمد اقبال نے بیٹے پر پستول سے فائرنگ کر دی،مقدمہ درج 
 میانوالی (خصوصی رپورٹ)تھانہ سٹی کے علاقہ وانڈھی گھنڈ والی میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں بیٹے نے رقم نہ ملنے پر اپنی والدہ کو چاقو مار دیا جبکہ والد نے بیٹے کو گولی مار کر قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق محمد فاروق نے کاروباری ضرورت کے لیے والدہ سے لاکھوں روپے کا تقاضا کیا، انکار پر طیش میں آ کر ماں پر چاقو کے وار کر دئیے۔ چیخ و پکار سن کر والد محمد اقبال نے پستول سے بیٹے پر فائرنگ کر دی، اسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑ گیا ،ماں کو بھی شدید زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو میانوالی منتقل کر دیا گیا ہے۔ بیٹے کے قتل کے الزام میں والد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔