ویب ڈیسک: پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا، جس میں پی ٹی آئی ارکان کو آزاد قرار دینے اور مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف لینے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس فرخ جمشید پر مشتمل بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے اسپیکر صوبائی اسمبلی سے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف لینے کا شیڈول بھی طلب کر لیا۔ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمانخیل نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعلیٰ نے مخصوص نشستوں پر گورنر ہاؤس میں لیے گئے حلف کو بھی چیلنج کیا ہے۔
وکیل الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ حلف سے متعلق درخواستیں قابلِ سماعت نہیں ہیں، جس پر جسٹس سید ارشد علی نے کہا کہ آپ اس حوالے سے جواب جمع کرائیں۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت دی کہ وہ اسپیکر سے حلف کے شیڈول کی تفصیلات لائیں، جبکہ اٹارنی جنرل سے بھی دلائل دینے کی اجازت لینے کی ہدایت دی گئی۔