اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ملک میں عدلیہ کی آزادی پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ عمران خان کے کیسز کے حوالے سے جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کیس ختم ہونے سے پہلے دوسرا کیس کھڑا کر دیا جاتا ہے اور یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس سے ملک میں عدلیہ آزادانہ فیصلے نہیں کر پا رہی۔انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ عوام انصاف کی طرف دیکھ رہی ہے اور عدالتیں اپنے فیصلے کھل کر دلائل کی بنیاد پر کریں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان قوم اور بچوں کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کی خواہش پر جلسے کا انعقاد ہوگا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ملک میں انسانی حقوق، حقیقی آزادی اور انصاف کے حصول کے لیے نظام میں اصلاحات ضروری ہیں، اور موجودہ صورتحال میں عدالتی ادارے مفلوج ہو چکے ہیں۔