علی امین گنڈاپور پر رشوت کے الزامات، الیکشن کمیشن میں نااہلی کی درخواست دائر

علی امین گنڈاپور پر رشوت کے الزامات، الیکشن کمیشن میں نااہلی کی درخواست دائر

پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف الیکشن کمیشن میں نااہلی کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

 درخواست ارسلان آفریدی ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے کا فنڈ دینے کا فیصلہ کیا، جس کی منظوری صوبائی کابینہ نے بھی دی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ دوسرے صوبے کی بار ایسوسی ایشن کو فنڈ دینا رشوت کے زمرے میں آتا ہے اور یہ صوبے کی امانت میں خیانت ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کو پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے، اس کے باوجود فنڈ کو دوسرے صوبے میں استعمال کیا گیا، جو کہ صرف ایمرجنسی یا کسی قدرتی آفت کی صورت میں جائز ہو سکتا ہے۔ یہ اقدام صوبے کے خزانے سے ناجائز رقم کے استعمال کے مترادف ہے اور وزیراعلیٰ نے اپنے مینڈیٹ اور حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔مزید یہ کہ درخواست میں سپریم کورٹ کے فیصلوں، آئین پاکستان اور نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ فنڈ کی منظوری اور خرچ کے معاملات واضح قوانین کے تحت ہونے چاہئیں۔

 درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی فیصلے کی تحقیقات کی جائیں، اور علی امین گنڈاپور کو نااہل قرار دے کر صوبائی اسمبلی کی نشست سے ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔ ساتھ ہی قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔یہ درخواست وزیراعلیٰ کیخلاف ایک سنگین سیاسی اور قانونی مسئلہ بن گئی ہے، اور اس کے بعد سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے کہ آیا الیکشن کمیشن اس معاملے میں سخت کارروائی کرے گا یا نہیں۔ خیبر پختونخوا کی حکومت اور وزیراعلیٰ نے ابھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا ہے۔