پی ٹی آئی کی تحریک ایک دن کے احتجاج میں بدل چکی:عرفان صدیقی

 عمران خان صرف ان سے بات کرنا چاہتے ہیں جو پی ٹی آئی سے بات نہیں کرنا چاہتے
 تمام کارڈز ناکام ہوچکے، پی ٹی آئی کے پاس اب صرف’’ناکامی کارڈ‘‘بچا ہے:رہنما ن لیگ
اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ  (ن) کے سینٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی  تحریک ایک دن کے احتجاج میں بدل چکی ہے، تمام کارڈز ناکام ہوچکے، پی ٹی آئی کے پاس اب صرف’’ناکامی کارڈ‘‘بچا ہے، عمران خان اپنی بنائی ہوئی تباہی کی سرنگ میں داخل ہو چکے جس سے نکلنے کی کوئی راہ نہیں۔ ہم مذاکرات کے لئے تیار ہیں لیکن عمران خان صرف ان سے بات کرنا چاہتے ہیں جو پی ٹی آئی سے بات نہیں کرنا چاہتے۔  نجی ٹی وی  سے  گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ماضی اور حال ہے، مگر اس جماعت کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں رہا۔عوام پی ٹی آئی کے بیانیے سے بیزار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلمان اور قاسم کے ویزہ درخواست دینے سے یہ بات کھل کر سامنے آ گئی ہے کہ وہ خود کو پاکستانی شہری تسلیم نہیں کرتے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے آل پارٹیز کانفرنس کے حالیہ اعلامیے کے حوالے سے سوال پر کہا کہ یہ اعلامیہ فوج سے بغض اور پی ٹی آئی کے درد سے لبریز تھا۔ پاکستان کی عظیم فتح معرکہ حق کا اعلامیے میں ذکر تک نہ کرنا شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی، معاشی اور سفارتی میدانوں تمام محاذوں پر کامیابیاں کسی ایک نہیں، قومی اداروں اور قیادت کی مشترکہ حکمت عملی اور کاوش کا نتیجہ ہے۔