دنیا مسجد اقصی کی بے حرمتی پر خاموش نہ رہے:دفترخارجہ

اسلام آباد(آئی این پی  )پاکستان نے  کہا ہے   اسرائیلی وزرا کی جانب سے مسجد اقصی کی بے حرمتی خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہے، دنیا اس پر خاموش نہ رہے بلکہ اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرائے۔دفتر خارجہ  سے  جاری بیان کے مطابق ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسجد اقصی کی اشتعال انگیز اور جارحانہ بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، اسرائیلی وزرا، عہدیداروں اور کنیسٹ کے ارکان سمیت ہزاروں اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے بے حرمتی کی گئی ۔ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی حکام کی موجودگی میں ٹیمپل مانٹ ہمارا ہے جیسے نفرت آمیز اعلانات کیے گئے، یہ اعلانات دنیا بھر میں مذہبی جذبات کو بھڑکانے اور تنا کو بڑھانے کی کوشش ہیں، اعلانات مسجد اقصی کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی ایک خطرناک اور دانستہ کوشش ہے۔ بیان  کے مطابق اسرائیل کی توسیع پسندانہ کوششیں خطے کو غیر مستحکم کرنے اور امن کو خراب کرنے کی کوشش ہیں، دنیا کو ایسے غیر قانونی، غیر انسانی جارحیت پر خاموش نہیں رہنا چاہئے، اس طرح کے اقدامات بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ اقدمات اقوام متحدہ کے چارٹر کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی مختلف قراردادوں کی بھی خلاف ورزی ہیں، پاکستان عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیل کو اس پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔