نہم امتحان ،نقل مافیا کی شامت

 وزیر تعلیم کانہم جماعت کے امتحانات میں نقل مافیا سے متعلق شکایات پر نوٹس ،کریک ڈا ئون کا آغاز
لاہور(خصوصی رپورٹ)نہم جماعت کے امتحانات کے دوران بعض اضلاع کے امتحانی سنٹرز میں نقل مافیا سے متعلق شکایات پر وزیر تعلیم نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانی سنٹرز کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ان سنٹرز میں امتحانی دھاندلی میں ملوث اداروں اور عملہ کے نام ہم تک پہنچ چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نہم جماعت کے امتحانات میں نقل کی شکایات۔قصور، اوکاڑہ، ننکانہ، ملتان، ڈی جی خان، راولپنڈی، وہاڑی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے چند سنٹرز میں بوٹی اور نقل مافیا سرگرم ہے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبا کو نقل کرانے میں ملوث افراد اور اداروں کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ کریک ڈائون کی غرض سے خود مختلف اضلاع میں نکل رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مافیا کو نہیں چھوڑیں گے۔ جو امیدوار نقل کرتا پکڑا گیا وہ 5 سال تک امتحان کیلئے نا اہل قرار پائے گا اور اگر عملہ کا کوئی فرد ملوث قرار پایا ،تو کڑی سزا کے ساتھ ساتھ اسے کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑا جائے گا۔ اس کی تصاویر اور کارنامے عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔