نہم امتحانات 46 طلبہ نقل کرتے پکڑے گئے

سپیشل سکواڈ کا چھاپہ،بہاولنگر میں42 طلبہ سے نقل کا مواد برآمد ،سنٹر کا پورا عملہ معطل ، کارروائی کا حکم 
 لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے سپیشل سکواڈ اورتعلیمی بورڈ لاہور کے کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن کا مختلف امتحانی سنٹرز کا سرپرائز دورہ ،46طلبہ نقل کرتے پکڑے گئے۔ سپیشل سکواڈ کے دورہ پر بہاولنگر میں طلبہ سے تلاشی کے دوران نقل کا مواد برآمد ہونے پر سی ای او بہاولنگر اور کنٹرولر امتحانات موقع پر طلب کر لئے گئے اور سنٹر کا پورا عملہ معطل کر دیا گیا۔ سکواڈ نے سنٹر میں 42 طلبہ سے نقل کا مواد برآمد کیا۔ ملتان اور مظفر گڑھ میں بھی 4 سنٹر نقل میں ملوث پائے گئے۔ وزیر تعلیم نے معاملے کا فوری نوٹس لیکر سنٹرز کے آر آئی اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو معطل کرکے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیدیا۔ رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ نقل میں ملوث عناصر سیکوئی رعایت نہیں ہوگی۔نقل میں ملوث طلبہ تعلیمی نقصان کے خود ذمہ دار ہونگے۔ بوٹی کلچر دوبارہ نہیں پنپنے دینگے۔ کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن نے گورنمنٹ ہائی سکول مانگا منڈی سے سعد،حسنین،گورنمنٹ ہائی سکول سلطان سے رانا ماہم اور عازب کو نقل کرتے پکڑ لیا اورموقع پر ہی امیدواروں کیخلاف یو ایم سی کیسزدرج کرنے کے احکامات جاری کیے۔