والٹن روڈ اپ گریڈیشن منصوبے کا کام مکمل نہ ہوسکا

 7 اور 20 فروری کی 2ڈیڈ لائنز گزر گئیں،سروس لین کا کام ابھی تک نا مکمل 
لاہور (خصوصی رپورٹ ) والٹن روڈ اپ گریڈیشن منصوبے کا کام مکمل نہ ہوسکا۔تفصیل کے مطابق شہر کی مرکزی شاہراہ والٹن روڈ ڈیڈ لائن پر ڈیڈ لائن عبور کرنے لگی،اپریل کا آغاز ہوگیا مگر وزیر اعلیٰ کی دی گئی ڈیڈ لائن پر منصوبہ مکمل نہ ہوا۔ فروری میں منصوبے کی تکمیل کیلئے دو ڈیڈ لائنز دی گئی تھیں، سی بی ڈی پنجاب دونوں ڈیڈ لائنز پر منصوبہ مکمل نہ کرسکی۔اپریل کے پہلے ہفتے میں والٹن روڈ کا افتتاح ہونا تھا۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے والٹن روڈ اپ گریڈیشن کی ڈیڈ لائن 7 فروری مقرر کی تھی لیکن متوقع افتتاح منسوخ کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ آفس نے منصوبہ مکمل کرنے کیلئے 20 فروری کی نئی ڈیڈ لائن دی جس کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے 23 سے 27 فروری کے درمیان منصوبے کا افتتاح کرنا تھا مگر اس ڈیڈ لائن پر بھی منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔پلان کے تحت سروس روڈ، ہارٹی کلچر ،لینڈ سکیپنگ کا کام مکمل کیا جانا تھا مگر والٹن روڈ اپ گریڈیشن منصوبے کی سروس لین کا کام ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا۔