لاہور بورڈ میں میٹرک کے پیپر نائب قاصد سے چیک کروانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد حکام حرکت میں آگئے ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اس حوالے سے انکوائری شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ سسٹم میں کچھ کالی بھیڑیں شامل ہو گئی ہیں۔رانا سکندر حیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود اس معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر تعلیم نے یہ بھی کہا کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال نقل پر 90 فیصد قابو پایا گیا ہے، اور محکمہ میں غلط کام کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد بورڈ کو غلط دستاویزات پیش کرکے مارکنگ کے عمل میں ملوث ہوں گے، انہیں ہر صورت نوکری سے فارغ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، وزیر تعلیم نے اس بات پر زور دیا کہ ایسا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس معاملے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں گی۔