کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے روپوش ذاتی ملازمین کی تفصیلات سامنے آئیں

کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے روپوش ذاتی ملازمین کی تفصیلات سامنے آئیں

کراچی میں دوستوں کے ہاتھوں اغوا کے بعد قتل ہونے والے نوجوان مصطفیٰ عامر کے قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے ذاتی ملازمین کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق، رحیم بخش اور عبدالرحیم ارمغان کے ذاتی ملازمین تھے اور دونوں روپوش ہیں۔ذرائع کے مطابق، عبدالرحیم اور رحیم بخش کا آبائی تعلق بہاولپور سے ہے، اور ان کے نام پر مجموعی طور پر 6 سمیں رجسٹرڈ ہیں۔ تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ رحیم بخش کے نام پر رجسٹرڈ ایک نمبر ارمغان کے زیر استعمال تھا۔تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ رحیم بخش کے نام پر رجسٹرڈ نمبر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ "سپریم فنانشل ایسوسی ایٹس" کے نام سے بنایا گیا تھا۔ ایف آئی اے نے بتایا کہ ارمغان نے اپنے دونوں ملازمین کے نام پر بینک اکاؤنٹس بھی کھلوائے تھے۔مزید تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ عبدالرحیم اور رحیم بخش ارمغان کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں بھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے دونوں ملازمین کی تلاش جاری ہے اور انہیں تحقیقات کے لئے طلب کیا گیا ہے۔