مصطفیٰ عامر قتل کیس: ملزم ارمغان کے تشدد کا شکار لڑکی زوما کا اہم بیان سامنے آگیا

مصطفیٰ عامر قتل کیس: ملزم ارمغان کے تشدد کا شکار لڑکی زوما کا اہم بیان سامنے آگیا

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اغوا کے بعد قتل ہونے والے مصطفیٰ عامر کیس میں نیا موڑ آ گیا، تشدد کا شکار لڑکی زوما نے پولیس کو تفصیلی بیان دے دیا۔

ذرائع کے مطابق، اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) پولیس نے ملزم ارمغان کے تشدد کا نشانہ بننے والی لڑکی زوما کا بیان ریکارڈ کیا، جس میں اس نے چونکا دینے والے انکشافات کیے۔زوما کے مطابق، ارمغان نے اسے لیپ ٹاپ کے بہانے کمرے میں بلایا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ ارمغان نے الزام لگایا کہ زوما نے کال سینٹر کے بارے میں مخبری کی ہے، جس کے بعد اس نے لوہے کے راڈ سے اسے مارا پیٹا، جس سے خون بہنے لگا۔ اسی دوران شیراز نامی شخص آیا اور ارمغان کو مزید تشدد سے روکا۔زوما نے مزید بتایا کہ تشدد کے بعد اسے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انتظامیہ کو زخموں سے متعلق جھوٹی رپورٹ لکھوائی گئی۔ راستے میں ارمغان نے اسے جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکیاں دیں اور گھر لے جاتے ہوئے جان سے مارنے کی کوشش بھی کی۔پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ ملزم ارمغان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔