حج انتظامات میں لاپرواہی برداشت نہیں! وزیراعظم کا پرائیویٹ سکیم پر سخت نوٹس

حج انتظامات میں لاپرواہی برداشت نہیں! وزیراعظم کا پرائیویٹ سکیم پر سخت نوٹس

پرائیویٹ حج سکیم کے 70 ہزار عازمین کے کوٹہ کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے بروقت انتظامات میں غفلت برتنے اور سعودی پالیسی کی پیروی نہ کرنے کا نوٹس لے لیا ہے۔

 وزیراعظم نے اس معاملے کے حل اور ذمہ داران کی نشاندہی کے لیے ایک 3 رکنی اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم نے نجی سکیم کے 70 ہزار حاجیوں کے کوٹہ کے حوالے سے لاپرواہی اور غفلت پر نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس کمیٹی کو تین اہم نکات کا جائزہ لینے کا کہا گیا ہے اور یہ کمیٹی وزیراعظم کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔کمیٹی میں سیکرٹری کابینہ، چیئرمین ایف بی آر اور چیف سیکرٹری جی بی شامل ہیں۔ ان کی تحقیقاتی کارروائی کا مقصد یہ ہے کہ سعودی حکومت کی 2025 میں نظرثانی شدہ پالیسی کو وزارتِ مذہبی امور اور نجی حج آپریٹرز کے ذریعے کیوں نافذ نہیں کیا گیا۔

کمیٹی کے ذریعے یہ بھی جائزہ لیا جائے گا کہ وزارتِ مذہبی امور نے نجی حج آپریٹرز کے لیے ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کرانے کی کوششیں کیوں نہیں کیں۔ اس کے علاوہ، سعودی حکام کی جانب سے مقرر کردہ آخری تاریخ تک عمل مکمل کرانے کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اور کمیٹی یہ تعین کرے گی کہ اس سنگین کوتاہی کی ذمہ داری کس پر ہے جس کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی عازمین حج 2025 سے محروم ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔کمیٹی کو اپنی سفارشات تین دن کے اندر وزیراعظم کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کو اس سلسلے میں مکمل معاونت فراہم کرے گی۔