بھارت:150سال پرانے کنویں میں زہریلی گیس بھرنے سے 8افراد ہلاک

مرنے والے مذہبی رسم مورتی وسرجن کی رسم کے لیے کنویں کی صفائی کیلئے اترے تھے،رپورٹ
نئی دہلی (آئی این پی)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں 150سال پرانے کنویں میں زہریلی گیس بھرنے سے 8افراد ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے گائوں کونڈاوت میں 150سال پرانا کنواں موجود ہے جس کی صفائی میں لوگ مصروف تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو اس وقت پیش آیا جب گائوں والے گنگور تہوار کی تقریبات میں ہونے والی مورتی وسرجن کی رسم کے لیے کنویں کی صفائی کیلئے اترے تھے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پہلے 5 افراد کنویں میں جمع کیچڑ نکالنے کے لیے اترے لیکن وہ دلدل میں پھنس گئے، جنہیں بچانے کیلئے مزید 3 افراد کنویں میں کودے لیکن وہ بھی پھنس گئے اور کنویں میں زہریلی گیس ہونے کی وجہ سے دم گھٹنے سے تمام افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔بعدازاں ریسکیو اہلکاروں کی مدد حاصل کی گئی اور 4 گھنٹوں کی محنت کے بعد تمام افراد کی لاشیں کنویں سے نکالی گئیں۔مزیدبراں 8 افراد کی موت پر ریاستی حکومت نے  گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کی مدد کیلئے فی کس 4 لاکھ روپے دیے۔