اسلام آباد (آئی این پی)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے شناختی کارڈز و دیگر دستاویزات بنوانے والے شہریوں کو جعلسازوں سے ہوشیار رہنے کی تنبیہ کر دی۔ترجمان نادرانے بتایا کہ ادارے کی طرف سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر اتھارٹی سے ملتے جلتے ناموں سے بنائے گئے جعلی پیجز، ویب سائٹس اور جعلی ایڈریس سے بھیجی جانے والی ای میلز اور میسجز سے خبردار رہیں کیوں کہ کچھ فراڈ عناصر جعلسازی کی مختلف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ یہ عناصر شہریوں کو نادرا سے متعلق خدمات میں معاونت کا جھانسا دے کر ان کی شناختی معلومات اور فنگرپرنٹس حاصل کر لیتے ہیں اور ان کی پراپرٹیز اور بینک اکائونٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شناختی دستاویزات کے لئے نادرا پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کر کے اپنا قیمتی وقت اور رقم بچائیں اور حساس معلومات کا تحفظ یقینی بنائیں۔