قاسم والا جنگل میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا: تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

لاہور (آئی این پی) قاسم والا جنگل میں لگی آگ پر بروقت قابو پالیا گیا ۔آگ پر قابو پانے میں محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122اور مقامی افراد کی مشترکہ کارروائی نے کلیدی کردار ادا کیا۔ 100سے زائد اہلکاروں اور افسران نے ریسکیو مشن میں حصہ لیا، بروقت کارروائی سے صرف چند ایکڑ جھاڑیاں اور 45 چھوٹے درخت متاثر ہوئے۔محکمہ جنگلات کے مطابق آگ عباسیہ کینال کے قریب بنجر علاقے سے شروع ہوئی ۔سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کی انتھک محنت کے نتیجے میں بروقت کارروائی ممکن ہوئی، آگ بجھانے میں حصہ لینے والے تمام اہلکاروں اور افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ سینئر وزیر نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی اور 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔