قائمہ کمیٹی اجلاس چینی مہنگی کرنے والے مافیا کیخلاف تحقیقاتی کمیٹی قائم سونے کے زیورات کی برآمد پر پابندی ختم

 چینی کیوں پہلے برآمد اور پھر درآمد ہوتی ہے؟ اس میں گٹھ جوڑ ہے‘کمیٹی تحقیقات کرے کون لوگ ملوث اور فائدہ اٹھانے والے ہیں:چیئرمین
 تحقیقات کی جائیں  کتنے شوگر ملز والے حکومت اور سیاست میں ہیں:رکن عاطف خان‘ کمیٹی 15 دنوں میں  تحقیقات مکمل کرے:جاوید حنیف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی تجارت نے چینی کی قیمت میں اضافے کرنے والے مافیا کے خلاف تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی، اجلاس میں وزارت تجارت نے بتایا کہ سونے کی جیولری کی ایکسپورٹ پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے ساتھ ہی چھوٹی گاڑیاں مہنگی ہونے اور بڑی گاڑیاں سستی ہونے کا معاملہ زیر بحث آیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس چیئرمین جاوید حنیف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ چیئرمین کمیٹی جاوید حنیف نے کہا  یہ چینی کیوں پہلے برآمد اور پھر درآمد ہوتی ہے؟ اس میں گٹھ جوڑ ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت تجارت نے کہا کہ چینی درآمد کا فیصلہ وزارت غذائی تحفظ کی سمری پر کیا گیا، اس وقت 50 ہزار میڑک ٹن چینی درآمد کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔جاوید حنیف نے کہا  میرے خیال میں اس معاملے پر ذیلی کمیٹی قائم کی جائے، کمیٹی اس بات کی تحقیقات کرے کہ کون لوگ ملوث اور فائدہ اٹھانے والے ہیں۔رکن عاطف خان نے کہا  اس چیز کی بھی تحقیقات کی جائیں  کتنے شوگر ملز والے حکومت اور سیاست میں ہیں۔ رکن اسامہ نے کہا  شوگر ملوں کو گزشتہ سارا سال ہی برآمد کی اجازت دی گئی۔بعدازاں چینی کے معاملے پر تحقیقات کیلئے عاطف خان کی زیر صدارت کمیٹی قائم کردی گئی۔ جاوید حنیف نے کہا کہ کمیٹی 15 دنوں میں اپنی تحقیقات مکمل کرے۔
اجلاس میں سونے کی جیولری کی ایکسپورٹ پر پابندی کا معاملہ ڈسکس ہوا۔ نمائندہ جیولری سیکٹر نے کہا کہ سونے کی جیولری کی برآمد پر مئی میں پابندی عائد کی گئی تھی، ایف بی آر کے ایس آر او کے تحت  پابندی 30 جون تک کیلئے تھی،ہماری درخواست ہے کہ جیولری کی برآمدات پر پابندی ختم کی جائے۔حکام وزارت تجارت نے کہا کہ سونے کی جیولری کی برآمد پر عائد پابندی ختم ہو چکی ہے، وزیر اعظم کو جیولری کی برا?مد کی بحالی کیلئے سمری بھجوا دی ہے، وزیراعظم کی منظوری کے بعد معاملہ منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں بھیجا جائے گا۔