ایسے ادارے کاحصہ نہیں بن سکتے جو خاموش تماشائی بنا رہے:پاکستان سلامتی کونسل سے غزہ پر عملی اقدامات کا مطالبہ

 فلسطین میں جو کچھ ہو رہا وہ انسانیت کیساتھ سنگین مذاق،اسرائیل یو این قراردادوں، جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، سلامتی کونسل غزہ پر خاموشی توڑ کر اپنا کردار ادا کرے
ہم اس اخلاقی دیوالیہ پن کا حصہ بننے سے انکار کرتے ہیں، سلامتی کونسل اپنی ساکھ برقرار رکھنے کیلئے قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے،مستقل مندوب عاصم افتخار کا اجلاس سے خطاب
نیو یارک (آئی این پی)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے غزہ پر خاموشی توڑ کر عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔فلسطینی مقبوضہ علاقوں کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا، سلامتی کونسل کا اجلاس پاکستان، روس، چین، صومالیہ کی حمایت سے الجزائر نے طلب کیا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل یو این قراردادوں، جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، سلامتی کونسل غزہ پر خاموشی توڑ کر اپنا کردار ادا کرے، فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ انسانیت کے ساتھ سنگین مذاق ہے، ہم ایسے ادارے کاحصہ نہیں بن سکتے جو خاموش تماشائی بنا رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس اخلاقی دیوالیہ پن کا حصہ بننے سے انکار کرتے ہیں، سلامتی کونسل اپنی ساکھ برقرار رکھنے کیلئے قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔