امریکی حکومت کے مسلسل تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں، تعلقات ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے طور پر استوار کرنے کیلئے پر عزم ہیں:وفاقی وزیر علی پرویز ملک کی ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور امریکہ نے توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیتالی بیکر کی ملاقات ہوئی۔پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں امریکی اعلیٰ سطحی وفد شرکت کریگا۔علی پرویز ملک کی جانب سے منرل فورم میں امریکی اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت یقینی بنانے پر نیتالی بیکر کے کردار کی تعریف کی گئی ۔امریکی قائم مقام نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا ایرک میئر منرل فورم میں شرکت کریں گے۔امریکی ناظم الامورنے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کامیاب معاشی اصلاحات پر مبارکباد کی مستحق ہے، صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی سیکورٹی کاوشوں کو سراہا۔علی پرویز ملک نے کہا امریکی حکومت کے مسلسل تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاک امریکہ تعلقات ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے طور پر استوار کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا