آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک میں کمی، صرف 4 تجارتی جہاز گزرنے کی اطلاع

آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک میں کمی، صرف 4 تجارتی جہاز گزرنے کی اطلاع

لندن: آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی تعداد میں مزید کمی ہوگئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق جمعرات کو اس اہم سمندری راستے سے صرف 4 کموڈیٹی جہاز گزرے، جبکہ ایک روز قبل یہ تعداد 9 تھی۔شپنگ ڈیٹا فراہم کرنے والے ادارے کپلر کے مطابق گزشتہ روز آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں میں 2 میڈیم رینج ٹینکرز، ایک کامسارمیکس کارگو جہاز اور ایک ہینڈی سائز جہاز شامل تھا۔رپورٹ کے مطابق یہ تعداد گزشتہ 10 دن کی تقریباً 15 جہازوں کی اوسط کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔کپلر کے مطابق اعداد و شمار میں ان جہازوں کو شامل نہیں کیا گیا جنہوں نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے ٹرانسپونڈر بند کیے ہوں، اس لیے حقیقی تعداد اس سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔

کپلر کے مطابق رواں ہفتے اب تک صرف 2 بہت بڑے خام تیل بردار جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے ہیں، جس سے خطے میں بحری آمدورفت اور عالمی توانائی کی سپلائی سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین توانائی گزرگاہوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں سے خلیج فارس سے عالمی منڈیوں تک بڑی مقدار میں تیل منتقل کیا جاتا ہے۔بحری ٹریفک میں مسلسل کمی کے باعث عالمی تیل کی سپلائی پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔