لوگ طلاق بارے سوال کرتے ہیں، ہر شخص کی ذاتی زندگی ہوتی ہے اور میں اپنی نجی زندگی کو عوام کے سامنے لانا پسند نہیں کرتا
لاہور (آئی این پی) فلم اسٹار ارباز خان نے اداکارہ خوشبو خان سے اپنی طلاق کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان طلاق نہیں ہوئی بلکہ ہم علیحدہ رہ رہے ہیں۔چند روز قبل خوشبو خان کی جانب سے طلاق کا اعلان کیے جانے کے بعد ارباز خان نے بھی اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے وضاحت کر دی۔ارباز خان حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ شادی سے قبل بھی میں اور خوشبو ایک دوسرے کے ساتھ تھے اور سب اس بات سے واقف ہیں، دونوں کی دوستی 1996 سے 2003 تک رہی، جس کے بعد ہم نے شادی کر لی۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے، یہ سب کو معلوم ہے، ہمارے 2 بچے ہیں اور ہم طلاق یافتہ نہیں بلکہ علیحدہ رہ رہے ہیں۔ارباز خان کا کہنا ہے کہ لوگ اکثر مجھ سے طلاق کے بارے میں سوال کرتے ہیں، تاہم ہر شخص کی ذاتی زندگی ہوتی ہے اور میں اپنی نجی زندگی کو عوام کے سامنے لانا پسند نہیں کرتا۔انہوں نے بتایا کہ دونوں بیٹے اپنی والدہ خوشبو خان کے ساتھ رہتے ہیں، وہ مجھ سے ملنے آتے ہیں جبکہ میں خود بھی بچوں سے ملاقات کے لیے لاہور جاتا ہوں، بڑا بیٹا او لیولز مکمل کر چکا ہے اور میرے بچوں کے ساتھ تعلقات خوش گوار ہیں۔