پشاور میں امریکی سفارتخانے کے نئے قونصل جنرل ٹام ایکرٹ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، جس کے بعد پاکستان میں امریکی مشن کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ان کی آمد کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹام ایکرٹ ایک نہایت موزوں شخصیت ہیں، جو پاکستان کے ساتھ امریکی سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور خیبر پختونخوا کے عوام و حکومت کے ساتھ نئے تعلقات استوار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔نیٹلی بیکر نے مزید کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے ان کا کردار اہم ہے، خاص طور پر خیبر پختونخوا کی ثقافت، ورثہ اور مہمان نوازی کے حوالے سے ان کے خیالات مثبت ہیں۔ انہوں نے معاشی مواقع کے فروغ اور پُرامن، روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
قونصل جنرل ٹام ایکرٹ نے بتایا کہ انہوں نے 2003 میں امریکی محکمہ خارجہ میں شمولیت اختیار کی، اور حال ہی میں قبرص میں سینئر ریجنل سکیورٹی آفیسر اور ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔ اس سے قبل وہ گیبون، ویتنام، برما، عراق اور افغانستان میں بھی تعینات رہے ہیں۔ ان کا تعلق امریکی ریاست پنسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا سے ہے۔