ملک میں سیلابی صورتحال کے باعث ریلوے ٹریکس متاثر ہونے سے لاہور سے کراچی جانے والی ٹرینوں کے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی شاہ حسین ایکسپریس کو مکمل طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے، تاہم مسافروں کو سہولت دینے کے لیے انہیں آج رات مقررہ وقت پر روانہ ہونے والی گرین لائن ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، جو لاہور سے رات 8 بجکر 50 منٹ پر کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔اسی طرح قراقرم ایکسپریس کو فیصل آباد کے بجائے لاہور-ساہیوال کے راستے کراچی بھیجا جائے گا۔مزید برآں، پاکستان ایکسپریس لالہ موسیٰ سے صبح 9 بجکر 55 منٹ پر اور ملت ایکسپریس لالہ موسیٰ سے صبح 10 بجکر 33 منٹ پر روانہ ہو کر لاہور اور ساہیوال کے راستے کراچی جائیں گی۔
ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے آنے والی پاکستان ایکسپریس اور ملت ایکسپریس بھی اب ساہیوال اور لاہور کے راستے لالہ موسیٰ پہنچیں گی تاکہ مسافروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔حکام نے کہا ہے کہ یہ اقدام عارضی ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی ٹرینوں کا معمول کا شیڈول بحال کر دیا جائے گا۔