مریدکے میں فائرنگ کا واقعہ، پاکستان علماء کونسل کے رہنما قاری عابد حسین ساقی قتل

مریدکے میں فائرنگ کا واقعہ، پاکستان علماء کونسل کے رہنما قاری عابد حسین ساقی قتل

شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں پیش آنے والا افسوسناک واقعہ پورے علاقے کو سوگوار کر گیا، جہاں پاکستان علماء کونسل کے رہنما اور ممتاز عالم دین قاری عابد حسین ساقی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق قاری عابد فاروقی موٹرسائیکل پر سوار ہوکر جا رہے تھے کہ دیوان خاص شادی ہال کے قریب گھات لگائے بیٹھے دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے وہ شدید زخمی ہوگئے اور انہیں فوری طور پر لاہور کے میوہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اس اندوہناک سانحے پر مذہبی، سیاسی اور سماجی حلقوں نے شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب قاری عابد فاروقی کے قتل کے خلاف علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے۔ کوٹ عبدالمالک میں جی ٹی روڈ پر غلام نبی کی قیادت میں بھرپور احتجاج کیا گیا جبکہ نارنگ منڈی اور دیگر علاقوں میں بھی مظاہرین نے پولیس اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین نے پولیس کو 8 ستمبر تک ملزمان کی گرفتاری کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر قاتل گرفتار نہ ہوئے تو دھرنا دیا جائے گا اور احتجاجی کال بھی دی جائے گی۔