کوئٹہ (آئی این پی ) سریاب روڈ پر ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی،سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سریاب روڈ شاہوانی اسٹیڈیم کے سامنے خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ مقدمہ میں قتل، اقدام قتل اور انسداددہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں جب کہ مقدمے میں نامعلوم افرادکو نامزد کیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کی لاش کی باقیات قبضے میں لے لی گئی ہیں جو فارنزک کیلئے بجھوائی جائیں گی۔ دریں اثنا ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ سریاب واقعہ کنٹرول سے باہر تھا اور اس کی روک تھام ممکن نہیں تھی جب کہ کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے سے قبل منتظمین کو 3 دفعہ جلسہ ختم کرنے کا کہا تھا لیکن اسے سنجیدہ نہیں لیا گیا۔کوئٹہ میں پولیس حکام کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان نے کہا کہ خودکش حملہ آور کی عمر 30 سال سے کم تھی تاہم حملہ آور کی شناخت نہیں ہوسکی۔انہوں نے کہا کہ جلسے کے لئے سکیورٹی دی گئی تھی، واقعہ جلسہ گاہ کے اندر ہوتا تو نقصان بہت زیادہ ہوتا، دھماکے کے ذمہ داروں کا تعین کرنا ہماری ذمہ داری ہے