ماؤنٹ مونگانوئی: میٹ ہینری کی شاندار اور تباہ کن بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے چوتھے ون ڈے میچ میں بھارت کو 244 رنز سے شکست دے دی۔
ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کیوی اوپنرز نے اس فیصلے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت قائم کی۔نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، تاہم اوپنر ول ینگ نے 125 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا، جبکہ ٹم سائیفرٹ نے 58 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 333 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
بھارت کی جانب سے عاقب نبی، گرنور برار اور اکشر پٹیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ارشدیپ سنگھ اور نمن دھیر ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔334 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ میٹ ہینری نے اننگز کے پہلے ہی اوور میں روہت شرما، ویرات کوہلی اور کپتان شریاس ایئر کو صفر پر آؤٹ کرکے بھارتی بیٹنگ لائن کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا۔