وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹ کا دورہ، 3 ماہ میں تکمیل کا عزم

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹ کا دورہ، 3 ماہ میں تکمیل کا عزم

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹ کا دورہ کیا اور اس کی بروقت تکمیل کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا۔

 وزیر داخلہ نے اس پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے وفاقی دارالحکومت کی ترقیاتی اتھارٹی (سی ڈی اے) کو ٹاسک سونپتے ہوئے اس کی تکمیل کی مدت کو 10 ماہ سے کم کر کے 3 ماہ تک محدود کرنے کا اعلان کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹ کی تکمیل سے اسلام آباد میں ٹریفک کے مسائل کا مستقل حل ملے گا اور دارالحکومت میں آنے والے دیگر شہروں کے لوگوں کو بھی آمدورفت میں سہولت ملے گی۔ انہوں نے اس پراجیکٹ کے تحت 2 انڈر پاس کی تعمیر اور رابطہ سڑکوں کے بننے کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے سی ڈی اے کو ہدایات دیں کہ اس میگا پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور اس کی نگرانی خود کریں گے۔ وزیر داخلہ نے تعمیراتی کام کے دوران متبادل ٹریفک پلان کے مطابق کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ ٹریفک کے مسائل میں مزید اضافہ نہ ہو۔سی ڈی اے کے چیئرمین، ڈی سی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران نے وزیر داخلہ کو سرینہ چوک انٹرچینج کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ محسن نقوی نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پراجیکٹ کی تکمیل کے دوران کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونے دی جائے گی۔