آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد زندگی معمول پر آنا شروع ہو گئی ہے۔
مظفرآباد سمیت مختلف علاقوں میں دکانیں کھل گئیں، کاروباری مراکز فعال ہو گئے اور ٹریفک رواں دواں ہے۔موبائل فون سروس بھی بحال کر دی گئی ہے، جس سے شہری رابطوں میں سہولت حاصل کر رہے ہیں۔ سرکاری دفاتر میں ملازمین بھی اپنے معمول کے اوقات کے مطابق حاضر ہو رہے ہیں، جس سے سرکاری کاموں کی رفتار دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔اس سے قبل آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں حکومتی نمائندگان اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ارکان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں معاہدے کا اعلان کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت مختلف احتجاجی سرگرمیوں کو ختم کرنے اور عوامی زندگی کو دوبارہ معمول پر لانے پر اتفاق کیا گیا۔معاہدے کے نتیجے میں عوامی سہولیات اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال بھی بہتر ہو گئی ہے، اور شہریوں میں اطمینان اور سکون کی فضا قائم ہوئی ہے۔