وزیراعظم کی ہدایت پر آزاد کشمیر میں مذاکراتی کمیٹی مظفرآباد پہنچی

وزیراعظم کی ہدایت پر آزاد کشمیر میں مذاکراتی کمیٹی مظفرآباد پہنچی

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر آزاد کشمیر میں جاری مظاہروں کے تناظر میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی مظفرآباد پہنچ گئی ہے۔

اعلیٰ سطح کی یہ کمیٹی عوامی ایکشن کمیٹی کے مسائل کے فوری اور دیرپا حل کے لیے مذاکرات کرے گی۔کمیٹی میں وفاقی وزرا اور پیپلز پارٹی کی قیادت شامل ہے، جن میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، امیر مقام، احسن اقبال، سردار یوسف، راجا پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ اور سردار مسعود احمد شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے کمیٹی سے کہا کہ عوامی جذبات کا احترام کیا جائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مظاہرین کے ساتھ تحمل اور بردباری سے پیش آئیں۔وزیر اعظم نے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ناخوشگوار واقعات کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ روانگی سے قبل وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ عوام محتاط رہیں اور ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو پاکستان کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ صورتحال سے معصوم لوگ متاثر ہو رہے ہیں اور مسائل کا حل صرف مذاکرات اور گفت و شنید سے ممکن ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کمیٹی بنانے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ زیادہ تر مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں اور معطل مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے۔ امیر مقام نے کہا کہ کمیٹی کے تجربہ کار ارکان عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ خلوص کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔