کوالالمپور: ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ ’غزہ امن منصوبے‘ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
انور ابراہیم نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پیش کیا گیا منصوبہ مکمل نہیں ہے اور اس کے متعدد پہلوؤں سے وہ متفق نہیں ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ فوری ترجیح فلسطینی عوام کی جانوں کی حفاظت ہے۔انور ابراہیم نے مزید کہا کہ عرب اور اسلامی ممالک کی اس منصوبے کی حمایت کا مطلب ہر شق سے اتفاق نہیں بلکہ یہ ایک اجتماعی اقدام ہے تاکہ خونریزی کو روکا جا سکے اور فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی حمایت کا مقصد فلسطینیوں کی بے دخلی کو مسترد کرنا اور انہیں غزہ واپس جانے کا موقع دینا ہے تاکہ ان کے انسانی حقوق کا تحفظ ممکن ہو سکے۔وزیرِ اعظم نے زور دیا کہ خونریزی کی روک تھام اور فلسطینی عوام کی حفاظت پہلی ترجیح ہونی چاہیے، اور اس ضمن میں بین الاقوامی برادری اور علاقائی ممالک کا تعاون ضروری ہے۔