راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی و عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم اور وزیر دفاع محمد خالد بن نورالدین سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے باہمی تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور خطے سمیت عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات سے متعلق امور پر گفتگو کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے مسلسل رابطوں اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
پاکستان اور ملائیشیا کے دیرینہ تعلقات کا اعادہ
ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور مختلف شعبوں میں تعاون کو سراہا۔انہوں نے دفاع اور سیکیورٹی سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ روابط مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اعلیٰ سطح کے باقاعدہ دوروں، عسکری تعاون میں اضافے اور علاقائی و بین الاقوامی سیکیورٹی معاملات پر مسلسل مذاکرات کے ذریعے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
ملائیشین وزارت دفاع پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش
قبل ازیں کوالالمپور میں ملائیشین وزارت دفاع پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تان سری حاجی مالک رزاق سلیمان کے علاوہ بری فوج، شاہی بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان بھی موجود تھے۔بعد ازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نورالدین سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی شعبے میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فریقوں نے دفاعی شراکت داری کو وسعت دینے، مسلح افواج کے درمیان براہ راست روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی۔
نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شمولیت
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے دورہ ملائیشیا کے دوران نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کا بھی دورہ کریں گے، جہاں ایک خصوصی تقریب میں انہیں ادارے کے ممتاز ہال آف فیم میں 21ویں رکن کی حیثیت سے شامل کیا جائے گا۔