625 تجاوزات ختم ، سامان ضبط

شہر بھر سے 2271 غیر قانونی بینرز اور فلیکسز اتارے گئے، آپریشنز جاری
لاہور ( خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب ویڑن کے تحت ضلعی انتظامیہ لاہور اور میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے سکواڈز کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ کارروائی کے دوران مختلف علاقوں سے 625 سے زائد تجاوزات ختم کر کے سامان ضبط کر لیا گیا جبکہ شہر کی سڑکوں سے 2271 غیر قانونی بینرز اور فلیکسز کو بھی اتار دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ کسی بھی علاقے میں تجاوزات دوبارہ قائم نہ ہونے دی جائیں اور شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک کی روانی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے اپنے علاقوں میں کارروائیوں کی براہ راست نگرانی کی ہدایت دی جبکہ مارکیٹ یونینز کو بھی اعتماد میں لینے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ تجاوزات مافیا کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی اور لاہور کی سڑکوں و بازاروں کو ہر قسم کی رکاوٹ سے پاک کیا جائے گا۔ عوام کے تعاون سے ہی ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے