گجرپورہ میں ہارون مارا گیا ، علی اکبر اور بلال خان زخمی ہوگئے، ہسپتال منتقل،قصور اور گوجرانوالہ میں 2 ،2 اورچنیوٹ میں بھی ایک ڈاکو گولیوں کا نشانہ بنا
لاہور (کرائم رپورٹر )مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلے،6ڈاکو ہلاک،3زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے،لاہور اورچنیوٹ میں ایک ایک، قصور، گوجرانوالہ میں 2،2ڈاکو گولیوں کا نشانہ بنے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ گجرپورہ میں موٹروے کے قریب سی سی ڈی اہلکاروں نے ناکے پر مشکوک موٹرسائیکل سوار ملزموں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے رکنے کی بجائے فائرنگ کر دی ، کراس فائرنگ میں ایک ملزم ہارون مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے، علاوہ ازیں شفیق آباد کے علاقے میں سی سی ڈی کی ٹیم زیرحراست ڈاکو علی اکبر کو ریکوری کے لیے گائو شالہ لے جا رہی تھی کہ راستے میں اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کے لیے پولیس پر حملہ کر دیا ، علی اکبر ان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔مزید برآں سبزہ زار کے علاقے میں اے وی ایل ایس اقبال ٹائون کے اہلکاروں سے مبینہ مقابلہ میں مشکوک موٹرسائیکل سوار بلال خان زخمی ہو گیا۔دوسری طرف قصور کیعلاقہ مصطفی آباد میں اقبال نگر روہی نالہ کے قریب چار ڈاکوئوں نے ایک کار کو لوٹنے کی نیت سے رکنے کا اشارہ کیا تو کار سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں دو ڈاکونظام پورہ کا رہائشی امجد عرف بوٹا اور بگری کا رہائشی کامران میو زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گئے۔ ان کے ساتھی بوٹا عرف بوٹی اور اْس کادوست فرار ہوگئے۔ ہلاک ڈاکوئوں نے چند روز قبل لاہور میں تعینات پولیس ملازم کو دورانِ واردات زخمی کر دیا تھا۔ ہلاک ڈاکو 53 سنگین وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ نکلے۔ادھر گوجرانوالہ کے تھانہ فیروز والا کے علاقہ میں سی سی ڈی اہلکاروں نے 2موٹر سائیکلوں پر سوار 4مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ملزموں نے رکنے کی بجائے سی سی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کردی ، جوابی فائرنگ میں2ڈاکو وجیہ الحسن اور ندیم مارے گئے جبکہ 2 فرار ہو گئے ،بعدازاں تیسرا ڈاکوشاہد حادثے میں ٹانگیں ٹوٹنے سے شدید زخمی ہو گیا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا ،ملزموں نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ڈکیتی کی 15 وارداتیں کی تھیں۔ ادھر چنیوٹ میں سی سی ڈی اہلکاروں سے مبینہ فائرنگ کے تبادلہ میں مشکوک موٹر سائیکل سوار ڈاکو سرجا ولد برخوردار قوم وینس ہلاک ہو گیا، ملزم فیصل آباد ،چنیوٹ ،جھمرہ ،کڑیانوالہ پولیس کو 40مقدمات میں مطلوب تھا ۔