وکیل صفائی بیمار پیش نہ ہوئے جس کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی
اگلی سماعت پر لازمی پیش ہوں ، مزید التوا کی اجازت نہیں دی جائے گی، جج
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 6 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم دے دیا۔گذشتہ روز وکیل صفائی قوسین فیصل مفتی بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوئے جس کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی،عدالت نے وکیل صفائی کی جانب سے التواء کی درخواست منظور کی، حالانکہ درخواست کے ساتھ کوئی میڈیکل سرٹیفکیٹ منسلک نہیں تھا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ تاریخ پر بھی وکلاصفائی غیر حاضر رہے تھے اور ایسا لگتا ہے کہ دفاعی وکلا مقدمے کو طول دینا چاہتے ہیں، عدالت نے تینوں وکلاء صفائی کو ہدایت دی کہ آئندہ گلی سماعت پر لازمی پیش ہوں اور مزید التوا کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، عدالتی نے سماعت کے تحریری حکمنامہ میں کہا کہ چونکہ کیس اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور دو ملزم جیل میں ہیں، اس لیے انصاف کا تقاضا ہے کہ جلد فیصلہ کیا جائے، عدالت نے حکم دیا کہ توشہ خانہ ٹو کیس کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک مقدمہ مکمل نہ ہو جائے۔