آئندہ سماعت سے کسی بھی صورت مزید التوا کی اجازت نہیں دی جائے گی:عدالت
راولپنڈی(آئی این پی ) عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کا ٹرائل روانہ کی بنیاد پر چلانے کا حکم دے دیا۔ اڈیالہ جیل کی اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے کہا وکیل صفائی قوثین فیصل مفتی کی جانب سے التوا کی درخواست دی گئی ،عدالت نے کہا ظاہر ہوتا ہے کیس کے آخری مرحلے میں وکلا صفائی کارروائی کو طول دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وکلا صفائی کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری کے حوالے سے زیادہ مستعد ہونا چاہیے ۔ کیونکہ دو ملزمان جیل میں ہیں اور انصاف کا تقاضا ہے کہ کیس کا جلد فیصلہ کیا جائے، آئندہ سماعت سے کسی بھی صورت مزید التوا کی اجازت نہیں دی جائے گی۔توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت روانہ کی بنیاد پر اس وقت تک جاری رکھی جائے گی جب تک کہ مقدمہ مکمل نہ ہو جائے۔عدالت نے کہا کہ کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کی جاتی ہے